Wednesday, 18 February 2015

پھر نہ کہنا ہمیں خبر نہ ہوئی

پھر نہ کہنا ہمیں خبر نہ ہوئی                    
 

آج ہم آپ کو ایک حیرت انگیز ایجاد سے متعارف کروانے جارہے ہیں ۔
پہلے زمانے میں حادثات نہ ہونے کے برابر تھے۔کیونکہ تب ان ہوا کے گھوڑے پر سوار گاڑیوں کا وجود نہیں تھا ان تیز رفتار سواریوں نے حادثات میں روز بروز اضافہ کر دیا ہے ۔ڈکیتیوں میں مزاحمت پر لوگ قتل کردیے جاتے ہیں ۔ اس کے علاوہ ملک خداداد پر چھائے ہوئے دہشت گردی کے گہرے بادلوں کے نتیجہ میں ہونے والوں بم دھماکوں میں بہت سے لوگ جان سے چلے جاتے ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ جب آپ کا بچہ صبح سکول جاتا ہے تو شام کو اس کے بخیر وعافیت لوٹنے کی گارنٹی نہیں۔ آپ کے والد ، بھائی یا شوہر دفتریا دکان سے شام کو بخیریت گھر آئیں گے اس کی کوئی ضمانت نہیں۔ خود آپ جب بازار جائیں تو بسلامت واپس آنے کا خود آپ کو یقین نہیں۔
ان ہی سب حالات ومشکلات اور غیر یقینی کیفیات کے پیش نظر ملک کے نامور ڈاکٹروں اور سائنسدانوں نے طویل تحقیق وجستجو کے بعد ایسی گولی ایجاد کی ہے کہ گھر سے نکلنے سے پہلے اس کو کوئی کھالے تو یقینی طور پر بسلامت اس کی واپسی ہوتی ہے۔ یہ گولی چونکہ نئی دریافت شدہ ہے اور ابھی ابھی بازار میں آئی ہے اس لئے بہت مہنگی ہے اور ہر جگہ دستیاب بھی نہیں۔ ملک کے صرف بعض شہروں ہی کی اہم دکانوں میں یہ دستیاب ہے۔ اپنی اور اپنی اولاد وگھر والوں کی جان کی یقینی حفاظت کے لئے ان گولیوں کو حاصل کرنے میں جلدی کیجئے کہ اس کے ختم ہونے یا نہ ملنے پر آپ کہیں کف افسوس ملتے نہ رہیں
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
فرض کریں یہ اشتہار آج کے تمام بڑے اخبارات اور ٹی وی پر چل رہا ہو تو لوگوں کا کیا ردعمل ہوگا ۔ ہر شخص اس گولی کو حاصل کرنے کی کوشش کرے گا ۔ اور چاہے اس کی قیمت کتنی ہی زیادہ کیوں نہ ہو اسے خریدنے کی ہر ممکن کوشش کرے گا کیونکہ اسے اپنی اور اپنے گھروالوں کی زندگی بہت عزیز ہے
آئیے میں آپ کو ایک ایسی ہی گولی سے متعارف کرواتی ہوں جو اس سے بھی زیادہ مؤثر ہے ۔ اس گولی کو بنانے والی کمپنی بھی بہت معتبر ہے ۔ اس کی قیمت بھی بہت کم ہے ۔اور اسے ہر کوئی حاصل کرسکتا ہے تو لیجئے گولی حاضر ہے
گولی ہے
بِسمِ اللّٰہِ تَوَکَّلتُ عَلَی اللّٰہِ لَاحَولَ وَلَا قُوَّتہ اِلَّا بِاللّٰہِ
بنائی ہے اللہ تعالی نے اورضمانت دی ہے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے
طریقہ استعمال ۔
صبح گھر سے نکلتے وقت اس دعا کو ایک دفعہ پڑھنا ہے
فائدہ ۔
دعا کو پڑھتے ہی ایک فرشتہ اللہ کے حکم پر پڑھنے والے کی کمر پر تھپکی دے کراسے چار دعائیں دیتا ہے
1۔ تیری کفایت کردی گئی
2۔ تیری حفاظت کردی گئی
3۔ تجھے ہدایت دے دی گئی
4۔ تجھے شیطان سے محفوظ کردیا گیا ۔
تو بتائیے کون کون ہے جو اس گولی کو حاصل کرنا اور استعمال کرنا چاہتا ہے ۔ فکر نہ کریں لا محدود سٹاک ہے

No comments:

Post a Comment

DM